حیدرآباد /25 اگست ( سیاست نیوز ) شادی کا وعدہ اور جھوٹی محبت جتاکر لڑکی کا جنسی استحصال کرنے والے کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکی کی شکایت پر پولیس بہادرپورہ نے کیس درج کرلیا ہے اور امکان ہے کہ مقدمہ کو کل بنجارہ ہلز پولیس کو سپرد کردیا جائے گا ۔ انسپکٹر بہادرپورہ مسٹر ہریش کو شک نے ، بتایا ہے کہ بنجارہ ہلز علاقہ کے ساکن 25 سالہ معزالدین کے خلاف ایک 19 سالہ لڑکی نے شکایت درج کروائی ہے ۔ معز الدین بھولا نگر کا ساکن بتایا گیا ہے جو ایک کیبل کمپنی میں ملازمت کرتا ہے ۔ معزالدین پر الزام ہے کہ اس نے شکایت گذار لڑکی سے شادی کا وعدہ کیا تھا اور گذشتہ چار سال سے لڑکی کے ساتھ محبت کا جھوٹا دعوی کرتا رہا ۔ معزالدین پر پولیس کے مطابق لڑکی نے جنسی استحصال کے بھی سنگین الزامات لگائے ہیں اور پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔