مسروقہ نقد رقم ضبط ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /5 جولائی (سیاست نیوز) شادی کیلئے رقم کا سرقہ کرنے والے ایک باؤرچی کو کمشنر ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے مسروقہ رقم برآمد کرلی ۔ تفصیلات کے بموجب 20 سالہ محمد یوسف خان ساکن تاڑبن کالا پتھر کی شادی آئندہ ماہ مقرر تھی جس کے سبب اس نے اپنے مالک کو رقم فراہم کرنے کی گزارش کی تھی ۔ لیکن اسے ناکامی حاصل ہوئی تھی ۔ شادی کے اخراجات سے پریشان یوسف نے نیو آئی ٹی آئی کالا پتھر میں واقع مسٹر عبدالفہیم کے مکان کو نشانہ بناتے ہوئے /2 جولائی کی اولین ساعتوں میں مکان میں داخل ہوکر الماری سے 11 لاکھ 20 ہزار نقد رقم کا سرقہ کرکے وہاں سے ڈرینیج کے پائپ کے ذریعہ عمارت سے اترکر وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ سرقہ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کے دوران عبدالفہیم نے اپنے مکان میں غیرمعمولی آوازیں آنے کے نتیجہ میں مقامی عوام کو آگاہ کیا اور یوسف کو پکڑنے کی کوشش کی۔ ٹاسک فورس نے سرقہ میں یوسف خان کے ملوث ہونے کی اطلاع پر اسے حراست میں لے لیا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ نقد رقم برآمد کرلیا ۔ پولیس نے اس کیس میں یوسف خان کی ماں نصیب بیگم کو بھی گرفتار کرلیا ۔