شادی کی تقریب میں فائرنگ سے بھگدڑ، 22 ہلاک

کابل۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے جنوبی علاقہ میں ایک شادی کی تقریب کے دوران کی گئی فائرنگ میں حیرت انگیز طور پر 22 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء صوبہ بغلان کے گورنر جاوید بشارت نے بتایا کہ شادی کی تقریب کے دوران دو گروپس آپس میں متصادم ہوگئے۔ مہلوکین میں اکثریت شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی تھی جن کی عمر 14 تا 60 سال بتائی گئی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ بغلان اور دیگر صوبہ جات شورش پسندوں کی آماجگاہ رہے ہیں اور اس کا سلسلہ اس وقت سے جاری ہے جب امریکی قیادت والی افواج نے 2001ء میں یہاں فوج کشی کی تھی اور طالبان کی حکومت کا خاتمہ کردیا تھا۔ دو گروپس کے دوران تصادم اس وقت شروع ہوا جب شادی کی رسومات انجام دیئے جانے کے دوران صوبائی پولیس آفیسر کے ایک رشتہ دار کو قتل کردیا گیا۔