حیدرآباد 16 جون (سیاست نیوز ) سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے ایک خانگی ملازم کو گرفتار کرلیا جو اپنی معشوقہ کو شادی کا جھانسہ دیکر اس کے نیم برہنہ تصاویر کے ذریعہ اسے بلیک میل کررہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ سدھانت راج سریواستو متوطن وسنت نگر بنگلورو نے اپنی سابقہ ساتھی ملازم کو لاکھوں روپئے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے ہراساں کررہا تھا ۔ سدھانت راج کی مسلسل ہراسانی سے عاجز آکر گچی باولی کی ساکن خاتون نے سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کروائی جس میں یہ بتایا کہ سدھانت نے شادی کے بہانے اس سے دوستی کی اور بعدازاں اس کے نیم برہنہ تصاویر کے ذریعہ اسے بلیک میل کررہا تھا۔ نیم برہنہ تصاویر کو مسخ کرنے کیلئے اس نے پانچ لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کر کے سدھانت راج کو بنگلور سے گرفتار کرلیا جہاں پر وہ وی ٹیکنالوجیز میں منیجر آپریشنس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا تھا۔ تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ اس کی معشوقہ نے سال 2010 سے 2013 تک بالا نگر علاقہ میںواقع ایک خانگی کمپنی میں ملازمت کی تھی اور اس دوران دونوں میں دوستی ہوگئی تھی۔ سدھانت جو پہلے سے شادی شدہ ہے نے اس سے شادی کا وعدہ کیا تھا اور اپنی بیوی کے بینک اکاونٹ میں 6 لاکھ روپئے منتقل کروائے تھے۔ سائبر کرائم پولیس کے انسپکٹر مسٹر راج شیکھر ریڈی نے سدھانت کو بنگلور میں گرفتار کرکے حیدرآباد منتقل کیا اور اسے آج جیل بھیج دیا گیا۔