سنگاریڈی۔/14مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ، پدما دیویندر ریڈی ڈپٹی اسپیکر، چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی ، مدن ریڈی رکن اسمبلی نرسا پور، وینکٹ ریڈی ضلع جوائنٹ کلکٹر کے ہمراہ سنگاریڈی کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں منعقدہ شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیم پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے120 دلہنوں کو 6کروڑ 12 لاکھ روپئے فی کس51 ہزار روپئے کے چیکس شادی مبارک اسکیم تحت عطاء کئے گئے ۔ اس موقع پر مسٹر ٹی ہریش راؤ وزیر آبپاشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق میں 52 دلہنوں کو شادی مبارک اسکیم کے تحت چیکس جاری کئے گئے فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ شادی مبارک اسکیم غریب و مستحق لڑکیوں کی شادی کیلئے فائدہ مند ثابت ہورہی ہے اور شادی مبارک اسکیم غریب والدین کیلئے ایک نعمت غیر مترقبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے جدوجہد میں اپنی قیمتی جانوں کو قربان کردینے والے شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو فی کس 10 لاکھ روپئے اور خاندان سے ایک فرد کو ملازمت فراہم کی جائے گی۔ ضلع میدک سے شہید ہونے والے تین نوجوانوں کے افراد خاندان میں آج فی کس 10لاکھ روپئے پر مشتمل چیکس جاری کئے گئے۔ ہریش راؤ وزیر آبپاشی نے کہا کہ 30ہزار کروڑ روپئے659 ایکر اراضی دلت طبقات میں تقسیم کی گئی ہے تاکہ وہ اس اراضی پر کاشتکاری کرسکیں اور مزید 20کروڑ روپئے اراضی کی تقسیم کیلئے مختص کئے جاچکے ہیں۔ زرعی مزدوروں کو کاشتکار بنانے کیلئے اراضی کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔ کاشتکاروں میں ان پٹ سبسیڈی جاری کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ تخمینہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور آئندہ موسم خریف میں زرعی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے ابھی سے ہی یوریا، تخم اور کھاد کی سربراہی موثر طور پر کرنے ہدایات جاری کی جارہی ہیں اور کسانوں میں ڈرپ اسپرنکلرس کی فراہمی کیلئے بھی حکومت تلنگانہ اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر سید احمد ایگزیکیٹو ڈائرکٹر ایم ایف سی، محمد شاکر سینئر اسسٹنٹ اور ڈی ایم ڈبلیو آفیسر و دیگر موجود تھے۔