گمبھی راؤ پیٹ /4 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر و بانی تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے چندرا شیکھر راؤ مسلمانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اپنے عہد کے پابند ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی سطح کے ٹی آر ایس قائد و صدر ملت اسلامیہ سدی پیٹ الحاج عبدالقادر نے کیا ۔ موصوف نے اپین ساتھیوں آصف اقبال ، عبداللطیف وغیرہ کے ہمراہ گمبھی راؤ پیٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ذمہ داران مساجد کمیٹی وغیرہ سے ملاقاتیں کی اور حکومت کی جانب سے روبہ عمل شادی مبارک اسکیم سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کی خواہش کی ۔ جناب عبدالقادر نے کہا کہ وہ ملت اسلامیہ سدی پیٹ کی جانب سے مسلمانوں کی فلاح و بہبودی کیلئے انجام دئے جانے والے تمام تر سرگرمیوں کو بھی گمبھی راؤ پیٹ تک انجام دیں گے تاکہ یہاں کے مسلمانوں کو بھی ممکنہ مدد ہوسکے ۔ جناب الحاج عبدالقادر نے کہا کہ ملت اسلامیہ سدی پیٹ کے زیر اہتمام اب تک 130 مستحق نادار لڑکیوں کی شادیاں انجام دی گئی ۔ 120 بے روزگار نوجوانوں کو پولیس ٹریننگ کی تربیت فراہم کی گئی ۔ ادارہ سیاست کے اشتراک سے فن خطاطی کی نمائش ، سیاست کوئسچین بینک کی تقسیم کے علاوہ کال سنٹر و اسپوکن انگلش کے کلاسیس کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ جناب عبدالقادر نے مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری عوامی فلاح و بہبود سے متعلق تمام تر اسکیمات سے استفادہ کریں ۔ شادی مبارک اسکیم سے متعلق حکومت کے پاس کروڑہا روپئے کا بجٹ محفوظ ہے لیکن عدم تشہیر کے سبب یہ بجٹ واپس ہونے کا امکان ہے ۔ لہذا باشعور حضرات کو چاہئے کہ وہ شادی مبارک اسکیم سے متعلق عوام کے درمیان تشہیر کریں تاکہ مستحق افراد اس اسکیم سے بھرپور فائدہ حاصل کرسکے ۔