نارائن پیٹ /3 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب محمد افتخار الدین احمد ریاستی صدر مسٹر ریزرویشن فرنٹ تلنگانہ اسٹیٹ نے اپنے دورے نارائن پیٹ کے موقع پر ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے شادی مبارک اسکیم سے بھرپور استفادہ کی مسلمانوں سے اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے جاریہ مالیاتی سال 2014-15 کیلئے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک ہزار کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ جس میں سو کروڑ روپئے شادی مبارک اسکیم کیلئے مختص ہیں ۔ ملک کی آزادی کے بعد غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے 51 ہزار روپئے مالی امداد کا پہلی مرتبہ حکومت تلنگانہ نے اعلان کیا ہے ۔ گذشتہ حکومت نے اجتماعی شادیوں کیلئے فی کس 25 ہزار روپئے کا اعلان کیا تھا لیکن مسلمانوں کی بے شعوری کی وجہ سے یہ اسکیم پر موثر عمل آوری نہیں ہوسکی اور اس اسکیم کیلئے مختص کردہ بجٹ واپس چلاگیا ۔ مسلم ریزرویشن فرنٹ نے اس مرتبہ حکومت کی اس اسکیم کو تلنگانہ کے تمام دس اضلاع کے مسلمانوں تک پہونچانے اور مستحق غریب مسلم لڑکیوں تک اس امداد سے استفادہ کو یقینی بنانے کا بیڑا اٹھایا اور اس سلسلے میں پوسٹر اور پمفلٹ بڑے پیمانے پر شائع کرکے شعور بیداری مہم کے ذریعہ مسلم قائدین علماء کرام سماجی کارکنوں کو اس مہم سے وابستہ کروایا جارہا ہے ۔ تاکہ مارچ 2015 تک اس اسکیم کیلئے مختص کردہ بجٹ کو مکمل طور پر استعمال کرسکے ۔ اس اسکیم کی شرائط اور آن لائین درخواستوں کی ادخال کے طریقہ کار سے عوام کو واقف کروانے کیلئے گروپ میٹنگ شعور بیداری کیمپس چلائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پیدائش کے صداقتناموں کی اجرائی کے سلسلے میں دشواریوں کی شکایت وصول ہو رہی ہیں ۔ چنانچہ اس سلسلے میں فرنٹ کا ایک وفد نائب وزیر اعلی جناب محمود علی سے نمائندگی کرتے ہوئے خواہش کی گئی ہے کہ SSC میمورنڈم یا کسی بھی اسکول سے جاری کردہ بونافائڈ سرٹیفکیٹ کو تاریخ پیدائش کا صداقتنامہ تسلیم کیا جائے ۔ نائب وزیر اعلی جناب محمود علی نے اس نمائندگی کو قبول کرتے ہوئے ضروری احکامات کی اجرائی کا تیقن دیا ۔ بعد ازاں شادی مبارک اسکیم کا پوسٹر اور پمفلٹ کا رسم اجراء انجام دیا گیا جس میں جناب محمد افتخار الدین احمد ریاستی صدر کے علاوہ جنرل سکریٹری جناب محمد امیرالدین ایڈوکیٹ ، ضلع سکریٹری سید مظہرالدین ، صدر ضلع محبوب نگر میر شعیب علی ٹاون سکریٹری احمد پاشاہ کے علاوہ مقامی قائدین محمد عبدالسلیم ایڈوکیٹ دستگیر چاند ، عبدالقادر ، مجاہد صدیقی ، عارف ، محمود میاں ، عبدالسلام عابد ، عبدالقادر میسوری ، عمران خان اور دیگر موجود تھے ۔