حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) شادی طئے ہونے کے بعد اچانک شادی سے انکار پر دلبرداشتہ لڑکی نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ سائبرآباد کے علاقہ بالانگر پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں انوشا گوڑ نامی لڑکی نے خودکشی کرلی ۔ جس کی عمر تقریباً 20 سال بتائی گئی ہے ۔ انوشا اپنی والدہ اور بہن کے ہمراہ وینائیک نگر میں رہتی تھی ۔ جن کا آبائی مقام ضلع نظام آباد بتایا گیاہے ۔ لڑکی کی والدہ بھولکشمی ایک خانگی کمپنی میں کام کرتی تھی ۔ اس نے 7 جون کے دن نظام آباد کے ساکن سندیپ گوڑ سے اپنی بیٹی کی شادی طئے کرتے ہوئے منگنی کی تھی ۔ جس کے بعد لڑکی اور لڑکا دونوں آپس میں بات کرتے تھے ۔ ان دونوں کے درمیان گذشتہ دن تک بات چیت جاری تھی ۔ گذشتہ روز 4 اگست کے دن سندیپ نے انوشا کو فون پر کہا کہ وہ اس سے شادی نہیں کرنا چاہتا اور پسند نہیں کرتا لہذا وہ کسی اور لڑکے سے شادی کرلے ۔ اس بات کی اطلاع انوشا نے اپنی والدہ کو دی تاہم پریشان حال خاتون اپنے مکان پہونچی اور لڑکی کو سمجھا کر پولیس کام پر چلی گئی جس کے بعد دلبرداشتہ انوشا نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔