مقامی ٹی آر ایس قائدین کی رکن اسمبلی وائی انجیا سے نمائندگی
شادنگر /6 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) فرخنگر کی عوام کو بھی کرشنا میٹرو واٹر فراہم کرنے کیلئے مقامی ٹی آر ایس پارٹی قائد و سابقہ وارڈ ممبر سید معظم علی عرف قمر بھائی ، محمد علی خان بابر سابقہ ڈپٹی سرپنچ شادنگر ایم ایس نٹراج کونسلر چنٹو بی نرسملو ایم اے روف نے رکن اسمبلی شادنگر وائی انجیا یادو سے شادنگر آئی بی گیسٹ ہاوز میں ملاقات کرتے ہوئے کامیاب نمائندگی کی ، سید معظم علی قمر نے بتایا کہ احاطہ بلاک آفس کے پاس واقع سمپ ہاوز کے ذریعہ شادنگر کے مختلف کالونیوں کو کرشنا میٹرو واٹر سربراہی عمل میں لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جبکہ فرخنگر کے مختلف کالونیوں میں پانی کی قلت محسوس کی جارہی ہے ۔ مذکورہ قائدین کی رکن اسمبلی شادنگر وائی انجیا یادو سے کی گئی کامیاب نمائندگی کے فوری بعد رکن اسمبلی انجیا یادو نے فوری بلدیہ کمشنر شادنگر راما انجینیلو ریڈی کو طلب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ احاطہ بلاک آفس کے پاس واقع سمپ ہاوز سے فرخنگر میں داخل ہونے والی پائپ لائین سے مربوط کرنے بلاک آفس سے آئی بی گیسٹ ہاوز کے روبرو واقع پائپ لائین تک جلد از جلد پائپ لائین ڈالنے اور فرخنگر کے تمام وارڈس میں رہنے والی عوام کو بھی کرشنا میٹرو واٹر فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے کی کمشنر بلدیہ راما انجینیلو ریڈی کو رکن اسمبلی انجیا یادو نے ہدایت دی ۔ سمپ ہاوز سے فرخنگر آئی بی گیسٹ ہاوز کے روبرو جوڑنے والی پائپ لائین کا رکن اسمبلی وائی انجیا یادو اور مذکورہ مقامی قائدین نے دورہ کرتے ہوئے معائنہ کیا ۔ رکن اسمبلی شادنگر وائی انجیا یادو کی جانب سے فرخنگر کی عوام کو بھی میٹرو واٹر فراہم کرنے کے تیقن پر کامیاب نمائندگی کرنے والے قائدین میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔ پائپ لائین کے تعمیری کاموں کو جلد از جلد کروانے کا مقامی نمائندگی کرنے والے قائدین کو بھرپور تیقن دیا ۔ اس موقع پر اے بالیا ، اے ملیش ، وینکٹ رام اور دیگر موجود تھے۔