شادنگر میں میونسپل چیرمین کے عہدہ کیلئے تجسس

شادنگر ۔28مئی( منصور علی خان) شاد نگر میونسپل چیرمین کیلئے بڑے پیمانے پر دن بہ دن چیرمین امیدواروں کی جانب سے جاری جدوجہد زور پکڑتی جارہی ہے ۔ شاد نگر بلدیہ میںجملہ 23وارڈ کونسلر حالیہ انتخابات میں منتخب ہوئے ہیں ۔ 23کونسلر کے منجملہ 15کانگریس پارٹی کے کونسلروں نے جیت حاصل کی ۔ 6آزاد امیدوار اور ایک ٹی آر ایس اور ایک مجلس کا کونسلر منتخب ہوئے ہیں ۔ میونسپل اور زیڈ پی ٹی سی ‘ ایم پی ٹی سی انتخابات اور عام انتخابا کے نتائج واضح ہونے کے ساتھ ہی سیاسی صورتحال میں کافی تبدیل آگئی ہے ۔ حلقہ اسمبلی شادنگر کانگریس پارٹی کا گڑ سمجھا جاتا تھالیکن حالیہ عام انتخابات میں کانگریس پارٹی امیدوار چولہ پلی پرتاپ ریڈی کو ٹی آر ایس پارٹی امیدوار وائی انجیا یادو نے شکست دیتے ہوئے شاد نگر حلقہ پر ٹی آر ایس پارٹی نے قبضہ جما لیا جس کی وجہ سے سیاسی میدان میں اُلٹ پھیر ہونے کے امکانات نظر آرہے ہیں ۔ شاد نگر اسمبلی حلقہ کے چار منڈلوں میں کانگریس پارٹی نے ایم پی ٹی سی و زیڈ پی ٹی سی کے امیدواروں نے شاندار جیت حاصل کی ۔ اسی طرح شادنگر میونسپل میں بھی کانگریس پارٹی امیدواروں نے زبردست جیت حاصل کی ۔ اس کے باوجود شادنگر بلدیہ چیرمین کے دعویداروں میں اضافہ ہوا ہے ۔ شادنگر بلدیہ چیرمین کی حیثیت سے وارڈ نمبر 13 کے نومنتخبہ کونسلر اگنوروشوم کے نام کا سابق ایم ایل اے کانگریس پارٹی چولہ پلی پرتاپریڈی نے اعلان کردیا تھا ۔ شاد نگر بلدیہ چیرمین کے انتخابات میں مختلف وجوہات کی بناء پر ہورہی تاخیر کی وجہ ایک اور امیدوار وارڈ نمبر 18کونسلر شریمتی مہیشوری کا نام بھی ابھر کر سامنے آرہا ہے ۔ ایک ہی نشست کیلئے دو امیدوار میدان میں ہونے کی وجہسے کونسلروں کی تائید و حمایت حاصل کرنے کیلئے سودا بازی شروع ہوگئی ہے ۔ کونسلروں کو معیاری رقم کے ذریعہ خریدنے کی کوششیں بڑے پیمانے پر چل رہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے ملی اطلاع کے بموجب چیرمین کی دوڑ میں شامل امیدوار بعض کونسلروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کرتے ہوئے مزید کونسلروں کو اپنی جانب راغب کرنے کیلئے اہم قائدین کا سہارا لیتے ہوئے چیرمین کی کرسی پر بیٹھنے کیلئے بھرپور جدوجہد کررہے ہیں ۔ شاد نگر بلدیہ چیرمین کی نشست بی سی جنرل ہوگئی ہے ۔ دونوں دعویداروں کا تعلق بھی بی سی طبقہ سے ہی ہے ۔ شادنگر بلدیہ کی نشست دونوں امیدواروں کیلئے وقار کا مسئلہ بنا ہوا ہے ۔شاد نگر بلدیہ چیرمین کے موضوع کو لیکر عوام میں بھی تجسس پایا جارہا ہے ۔ شادنگر میونسپل علاقہ کی عوام اور سیاسی قائدین میں چیرمین کے متعلق جگہ جگہ گفتگو چل رہی ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہیکہ شاد نگر بلدیہ چیرمین کی کُرسی پر کون بیٹھے گا یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔