شادنگر 29 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی شادنگر اور حلقہ پارلیمان محبوب نگر میں گذشتہ 10 دنوں سے چل رہی انتخابی مہم اختتام کو پہونچی انتخابی مہم کے آخری دن شادنگر اسمبلی حلقہ کے کانگریس پارٹی امیدوار چولا پرلی پرتاپ ریڈی ، تلنگانہ راشٹریہ سمیتی پارٹی امیدوار وائی انجیا یادو ، تلگودیشم پارٹی ، بی جے پی پارٹی کے درمیان انتخابی مفاہمت کی وجہ سے شادنگر اسمبلی حلقہ کے بی جے پی امیدوار سری وردھن ریڈی ، وائی ایس آر سی پی پارٹی امیدوار بی سدھاکر ریڈی کے علاوہ دیگر آزاد امیدواروں نے انتخابی تاریخ کے آخری دن عوام سے گھر گھر پہونچتے ہوئے ملاقات کرتے ہوئے ووٹرس کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ انتخابی مہم کے آخری دن بی جے پی امیدوار سری وردھن ریڈی نے مستقر شادنگر میں زبردست موٹر گاڑیوں کی ریالی نکالی ۔ انتخابی مہم کے اختتام کے ساتھ ہی سرکاری الیکشن عملہ متحرک ہوگیا ہے ۔ 30 اپریل کو منعقد شدنی ایم ایل اے اور ایم پی کیلئے منعقدہ پولنگ کی تیاریوں میں سرکاری عملہ مصروف ہوگیا ہے ۔ پولنگ کے پرامن انعقاد کیلئے پولیس عملہ بھی پوری تیاریوں میں مصروف ہوگیا ہے ۔