شادنگر ۔ 20 ۔ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر میونسپلٹی کے 23 وارڈس میں پرچہ نامزدگیوں کی تنقیح کے بعد 184 پرچہ نامزدگیاں موجود تھی پرچہ نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ کے بعد الیکشن عہدیداروں نے قطعی فہرست جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شادنگر میونسپلٹی کے 23 وارڈس کیلئے فی الحال 144 امیدوار میدان میں ہیں شادنگر میونسپلٹی کے منعقدہ انتخابات میں کانگریس پارٹی ، تلگودیشم پارٹی ، تلنگانہ راشٹریہ سمیتی پارٹی ، وائی ایس آر سی پی پارٹی ، بھارتیہ جنتا پارٹی ، سی پی آئی ایم پارٹی اور دیگر پارٹیوں کے علاوہ آزاد امیدوار بڑی تعداد میں حصہ لیتے رہے ہیں شادنگر میونسپلٹی کے انتخابی میدان میں مختلف جماعتوں سے جملہ 15 مسلم امیدوار میدان میں ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے جملہ 23 وارڈوں سے اپنے امیدواروں کو کھڑا کیا ہے ۔ تلگودیشم پارٹی نے 23 کے منجملہ 21 وارڈوں سے اپنے امیدواروں کو کھڑا کیا ہے ۔
تلنگانہ راشٹریہ سمیتی پارٹی نے 23 وارڈوں سے اپنے امیدواروں کو کھڑا کیا ہے ۔ وائی ایس آر سی پی پارٹی نے 11حلقوں وارڈوں سے اپنے امیدواروں کو میدان میں کھڑا کیا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے 12 واڈوں سے امیدواروں کو کھڑا کیا ۔ سی پی آئی ایم پارٹی نے 3 وارڈوں سے اپنے امیدواروں کو کھڑا کیا ہے ۔ آزاد امیدواروں کی تعداد 49 ہے ۔ الیکشن عہدیداروں کی جانب سے قطعی فہرست جاری ہونے کے ساتھ ہی انتخابی مقابلہ میں حصہ لینے والے امیدوار اپنے اپنے وارڈوں کا دورہ کرتے ہوئے گھر گھر عوام تک پہونچتے ہوئے ووٹرس کو اپنی جانب راغب کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ کے دن تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے پارٹیوں کی جانب سے جاری کردہ بی فام الیکشن عہدیداروں کے حوالے کردیا ۔ پارٹی ٹکٹ ( بی فام) کی عدم وصولی پر بعض امیدوار انتخابی میدان میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں موجود ہیں ۔ بہرحال شادنگر میونسپلٹی کے انتخابات سخت اور دلچسپ ہونے کی امید کی جارہی ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ووٹرس کا رخ کس امیدوار کے حق میں ہوگا۔ہر امیدوار نے اپنی کامیابی کیلئے اپنی جدوجہد کو تیز کردیا ہے ۔ انتخابی عمل کے آغاز کے ساتھ ہی جگہ جگہ عوام انتخابی موضوع پر ہی اکثر گفتگو کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔