حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ٹیچنگ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر (اقلیتی ادارہ ) پیران چیرو حمایت ساگر روڈ میں ایم بی بی ایس سال اول 2014-15 میں میرٹ، این آر آئی اور مینجمنٹ زمرے کے لئے کونسلنگ کا آج اولیائے طلبہ کی موجودگی میں انتہائی شفافیت کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ نان لوکل زمرے میں پہلا داخلہ 2387 رینک ہولڈر اور لوکل زمرے میں 4081رینک ہولڈر کو پہلا داخلہ دیا گیا جبکہ 6470 رینک کی حامل امیدوار داخلہ لینے والے آخری طالب علم تھے۔ زمرہ A میں 90امیدواروں میں 8لڑکے اور 82لڑکیاں داخلے کی اہل ثابت ہوئیں۔ لوکل زمرے میں 84 اور نان لوکل زمرے میں 6 امیدواروں کو داخلہ دیا گیا۔ محترمہ شاداں وزارت رسول خان سکریٹری شاداں ایجوکیشن سوسائٹی، جناب سید اعزاز الرحمن وائس چیرمین شاداں ایجوکیشن سوسائٹی، ڈاکٹر محمد صارب رسول خان مینیجنگ ڈائرکٹر شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس نے نگرانی کی۔ پروفیسر احمداللہ خان سابق ڈین آف عثمانیہ لاء کالج عثمانیہ یونیورسٹی، وائس چیرمین پی سی ایم بی نے منتخب امیدواروں کا خیرمقدم کیا اور ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان مرحوم چیف پرموٹر شاداں تعلیمی ادارہ جات کی گراں قدر تعلیمی خدمات کو پُراثر الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائے مغفرت کی۔ ڈاکٹر دنیش راج ماتھوڑ ڈین شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس نے کالج کی تفصیلات سے واقف کروایا۔
اور طلباء کو ڈسپلن کی پابندی اور محنت و جستجو کے ساتھ کورس کی تکمیل کی تلقین کی۔ اس موقع پر جناب محمد غوث الدین انجینئر ان چیف ریٹائرڈ وائس چیرمین پی سی ایم بی جناب سید اقبال احمد سابق جوائنٹ ڈائرکٹر حکومت آندھراپردیش و چیف آرکیٹکٹ شاداں تعلیمی ادارہ جات، پروفیسر محمد مہاجر اڈوائزر شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس بھی موجود تھے۔ شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب اسٹاف و ارکان کے علاوہ طلباء اور ان کے سرپرستوں کو ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان کی کمی کا احساس ہوا۔ ڈاکٹر خان کا گذشتہ سال اکتوبر میں انتقال ہوا تھا۔ ان کی مزار شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس کے احاطہ ہی میں ہے جہاں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء اور ان کے سرپرستوں نے فاتحہ خوانی بھی کی۔ محترمہ شاداں وزارت رسول خان نے طلباء کو سخت محنت کی تلقین کی۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ایک بار پھر طالبات کا فیصد تناسب زیادہ رہا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال اول کے کلاسس کا آج سے ہی آغاز ہوگیا۔ کل سے صبح 9تا شام 4بجے کلاسس ہوںگے۔