شائقین کی غلطی پر بارسلونا کو پھر سزا

میڈرڈ ، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسپین کی انسداد تشدد کمیشن نے میچ کے دوران شائقین کی جانب سے قومی ترانے کا مذاق اڑانے پر بارسلونا پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔ بارسلونا پر یہ جرمانہ مئی میں ایتھلیٹکو بلباؤ کے خلاف کھیلے گئے کوپا ڈیل رے فائنل کے دوران شائقین کی جانب سے قومی ترانے کا مذاق اڑانے پر لگایا۔ بارسلونا پر 66 ہزار یورو کا جرمانہ کیا گیا جبکہ میچ کے دوران ایتھلیٹکو کے شائقین کی جانب سے بھی ترانے کا مذاق اڑانے پر ان پر 18 ہزار یورو جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسپینش فٹبال فیڈریشن پر بھی 12 ہزار 300 یورو جرمانہ کیا گیا۔اس میچ میں بارسلونا نے 3-1 سے فتح حاصل کر کے لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس سے قبل یوئیفا نے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں شائقین کی جانب سے کیٹیلنز کا جھنڈا لہرانے پر بارسلونا پر 30 ہزار یورو جرمانہ کردیا تھا۔

چمپئنز لیگ فٹبال ، پیرس سینٹ جرمین نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو ہرا دیا
انگلینڈ ۔ 30 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)انٹرنیشنل چمپئنز لیگ میں ہونے والے فٹبال میچ میں پیرس سینٹ جرمین کی ٹیم نے مانچسٹر یونائٹڈ کو صفر کے مقابلے میں دو گولز سے ہرا دیا۔ انٹرنیشنل چمپئنز کپ فٹبال میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کا مقابلہ پیرس سینٹ جرمین کیساتھ ہوا ، سینٹ جرمین کی ٹیم نے حریف ٹیم کیخلاف بہترین کھیل پیش کیا اور انہیں جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ سینٹ جرمین نے میچ کے پہلے ہاف میں ہی دو گول داغ کر مانچسٹر یونائیٹڈ پر برتری حاصل کر لی جو کہ کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔ فاتح ٹیم کیلئے بلیز ماتودی اور ابراہیمووچ ایک ایک گول اسکور کر کے نمایاں رہے۔