شائقین کی غلطی پر بارسلونا کو جرمانہ

میڈرڈ ، 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسپینش اور یورپین لیگ کی چمپئن بارسلونا پر چمپینس لیگ کے فائنل میچ کے دوران جھنڈے لہرانے پر 30 ہزار یورو جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔ اسپینی کلب بارسلونا اور اطالوی کلب یوونٹس کے درمیان جون میں منعقدہ چمپینس لیگ کے فائنل میں بارسلونا نے 3-1 سے فتح اپنے نام کی تھی لیکن اس میچ میں شائقین کی جانب کیٹیلنز کا جھنڈا لہرا دیا گیا۔ بارسلونا کو کیٹیلنز بھی کہا جاتا ہے اور ان دنوں بارسلونا کو ایک آزاد ملک بنانے کی باقاعدہ تحریک چل رہی ہے نیز بارسلونا کا ایک بڑا طبقہ اس تحریک کا حامی ہے۔ پچھلے سال کلب کے بیان میں کہا گیا تھا کہ وہ بھی اس تحریک کے حامی ہیں۔ اسپینش لیگ کے دوران بارسلونا کے میچز میں کیٹیلنز کے جھنڈے موجود ہوتے ہیں لیکن یوئیفا کی جانب سے اس کی اجازت نہیں ہے۔
2015ء میں شعیب کا بیٹنگ اوسط زائد از 109
لاہور ، 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی بلے باز شعیب ملک کا مظاہرہ اِن دنوں مائل بہ عروج ہے۔ وہ 2015ء میں بہترین بیٹنگ اوسط کے لحاظ سے دیگر تمام بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ سال رواں کم از کم پانچ ونڈے کھیلنے والے بیٹسمنوں میں شعیب نے سب سے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے 7میچوں کی سات اننگز میں 328رنز بنائے اوران کا اوسط 109.33 ہے۔ ان میں ایک سنچری اور دو ففٹیاں بھی شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈ ی ولیرز دوسرے اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے او ڈی آئی کپتان اظہر علی کا ساتواں نمبر ہے، جنہوں نے دس میچوں کی دس اننگز میں 61.8 کی اوسط سے 618 رنز بنائے ہیں، جن میں دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔