دھرم شالہ ۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کسی بھی میدان پر جب کوئی مقابلہ کھیلتی ہے تو یہاں شائقین کی کثیر تعداد موجود ہوتی ہے اور بعض مقابلوں کی ٹکٹیں عام قیمتوں میں دستیاب نہیں ہوتی لیکن کل یہاں دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے ہند ۔ ویسٹ انڈیز چوتھے ونڈے کی ٹکٹیں ہنوز دستیاب ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہیکہ یہاں کی عوام ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے چوتھے ونڈے میں کچھ زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے کیونکہ آئی پی ایل کے دوران شائقین کی جو دلچسپی اور ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں جذبہ تھا وہ ونڈے میں دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ پی سی اے) کے میڈیا مینجر موہت سود نے کہا ہیکہ شہر میں چونکہ تہوار کا موسم ہے، یہی وجہ ہوسکتی ہیکہ شائقین میدان کی طرف توجہ نہیں دے رہے ہیں جبکہ 19500 نشستوں کے ایچ پی سی اے اسٹیڈیم میں صرف 12000 ٹکٹیں فروخت ہوئی ہیں۔ مذکورہ میدان میں گذشتہ دو برسوں سے بین الاقوامی مقابلے منعقد ہورہے ہیں لیکن ہندوستان
اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کل کھیلے جانے والے مقابلہ کیلئے ٹکٹوں کا ہنوز دستیاب ہونا غیرمتوقع نتیجہ ہے۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے موہت نے کہا کہ اب چونکہ عنقریب دیوالی منعقد شدنی ہے، لہٰذا سیاح اپنے مکانوں کو چھوڑ کر یہاں سیر و تفریح کیلئے آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے جبکہ مقابلہ کسی اور شہر میں ہوتا تو حالات کچھ اور ہوتے۔ انہوں نے اعتراف کیا ہیکہ آئی پی ایل یہاں کافی مقبول ہے کیونکہ یہ کم وقت میں تیزی کے ساتھ کھیلی جانے والی کرکٹ ہے۔ اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کے دوران شائقین کی کثیر تعداد کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ آئی پی ایل کے مقابلہ یہاں ان دنوں منعقد ہوتے ہیں جب اسکولوں کو تعطیلات ہوتے ہیں۔ ان تمام حالات کے باوجود موہت امید کررہے ہیں کہ کل میدان شائقین سے کھچاکھچ بھرا رہے گا۔ ٹراویل ایجنٹ اروند شرما کا ماننا ہیکہ آئی پی ایل کے دوران میدان میں شائقین کی بڑی تعداد کی موجودگی کی ایک اہم وجہ سیاحوں کا ٹوئنٹی 20 میچ کا مشاہدہ کرنا ہے۔