کراچی۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ ماضی کی بہ نسبت میں تبدیل ہوچکا ہوں اور اب بہتر کارکردگی سے شائقین کے دل جیتنا ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ زندگی سے متعلق نظریہ بدل گیا اور اب پہلے سے کہیں زیادہ مثبت سوچ کا مالک ہوں،کم عمری میں بہت سے تجربات ہو ئے لیکن نہیں جانتا کہ مستقبل میں کیا ہونے والا ہے ۔ عوام کا اعتماد حاصل کرنا اولین ترجیح ہوگی،جانتا ہوں کہ خود کو منوانے کاعمل سست روی سے ہوگا لیکن اچھی کارکردگی اپنا کردار ادا کریگی۔ میں ان شائقین کی خاطر کچھ بھی کر سکتا ہوں جو میرے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے بھروسے کا محافظ بنوں گا۔ کرکٹ کی معروف ویب سائٹ سے کی جانے والی بات چیت میں محمد عامر نے کہا ہے کہ اس مرتبہ وہ ایک نئی شخصیت کے طور پر ابھرے ہیں اور زندگی سے متعلق ان کا تصور تبدیل ہو چکا ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیا لوگ ان پر دوبارہ بھروسہ کرلیں گے محمد عامر نے کہا ہے کہ یہ ایک الجھا ہوا سوال ہے کیونکہ اگر کوئی انہیں برا کہتا ہے تو اس کا مطلب یہی ہے کہ وہ انہیں اچھا دیکھنا چاہتا ہے اور چونکہ وہ اچھے ہیں جسے ثابت کرنے کی بھی بھرپور کوشش کریں گے۔