ٹوکیو۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )دنیا بھر میں 70 اور80 سالہ عمر کے افراد ہڈیوں اورگھٹنوں کے درد یا دیرینہ امراض کا شکار ہوتے ہیں لیکن جاپانی شہری 81 سالہ توشی سوکے کا نازاوا باڈی بلڈر اب بھی نہ صرف پوری طرح فٹ بلکہ باقاعدگی سے پروفیشنل باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں حصہ بھی لیتے ہیں۔توشی نے جوانی میں باڈی بلڈنگ کے کئی ایوارڈزجیتے لیکن 34 سال کی عمر میں انہوں نے باڈی بلڈنگ کوخیرباد کہہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی 50 ویں سالگرہ کے موقع پرآئینے کے سامنے کھڑے ہو کر خود سے سوال کیا کہ کیا میں اب بھی اپنے جسم کو ویسا ہی کسرتی بناسکتا ہوں یا نہیں ؟اس کے بعد انہوں نے دوبارہ جمنازیم کا رخ کیا اور محنت شروع کر دی، غذائی احتیاط سخت کردی اور مسلسل محنت سے اپنے جسم کو دوبارہ مضبوط بناکر اپنی عمر سے ایک تہائی کم عمر بلڈروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ توشی سوکے کانازاوا نے کہا کہ وہ گوشت اور مچھلی نہیں کھاتے کیونکہ یہ مشکل سے ہضم ہوتی ہے۔ اس کی جگہ انہوں نے سویابین، چاول اور سوپ کا استعمال شروع کردیا۔ 81 سال کی عمر میں بھی وہ روزانہ 6 گھنٹے ورزش کرتے ہیں۔ ان کا جسم دیگر بلڈروں کی طرح ہوگیا ہے لیکن ان کی لچک دار جلد عمر رسیدگی کی وجہ سے جھریوں سے بھری ہوئی تھی۔ ان جھریوں کو دور کرنے کے لیے توشی نے خاص قسم کے تیل کی مالش شروع کردی جس میں گھوڑے کی چربی بھی شامل تھی اس سے زیادہ تر جھریاں دور ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ 85 سال کی عمر تک باڈی بلڈنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔