س4سارقین گرفتار ‘ 15 لاکھ روپئے کا مسروقہ مال برآمد

حیدرآباد/31 جولائی(سیاست نیوز) سائبرآباد سٹی کرائم برانچ نے 4 سارقین کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 15 لاکھ کا مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈی سی پی کرائمس جانکی شرمیلا نے بتایا کہ سارقین 25 سالہ بھرت کمار شرما ساکن چارمینار ، 20 سالہ محمد محسن متوطن بھجن پورہ نئی دہلی ، 29 سالہ اے راجیندرا عرف راجو متوطن ناندیڑ مہاراشٹرا ، 50 سالہ بی سرینواس کو حیدرآباد و سائبر آباد میں سرقہ میں ملوث ہونے پر گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بھرت کمار شرما سزا یافتہ مجرم ہے اور اس نے کوکٹ پلی مادھا پور ، چندا نگر ، میاں پور ، چارمینار ، ایس آر نگر ، چادر گھاٹ علاقوں میں اپنے ساتھی محمد محسن کی مدد سے مکانات میں داخل ہوکر سرقے کئے تھے ۔ اسی طرح اے راجیندر نے بھرت کمار شرما کے ہمراہ علاقہ بنجارہ ہلز افضل گنج ، پنجہ گٹہ ، نظام آباد ، ملکاجگری اور دیگر علاقوں میں مکانات میں سرقے کئے ۔ بی سرینواس بھی قفل شکنی کے ذریعہ سرقے میں ملوث پایا گیا ہے ۔ شریمتی شرمیلا نے بتایا کہ بھرت کمار شرما ، محمد محسن ، اے راجیندرا کی ملاقات جیل میں ہوئی اور تینوں نے جیل سے رہائی کے بعد ٹولی کی شکل میں سرقے کئے تھے ۔ پولیس نے گرفتار سارقین کے قبضے سے 45 تولے طلائی زیورات 4 کیلو چاندی ، 3 موٹر سائیکلیں ، 7 لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک اشیاء جن کی مالیت 15 لاکھ بتائی جاتی ہے برآمد کرلیا ۔