جئے پور۔5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل 2019 میں نوجوان بلے باز ریان پراگ نے کھیل سے اپنی چھاپ چھوڑ دی ہے۔راجستھان رائلس کی جانب سے کھیلنے والے اس کرکٹر نے ہفتہ کو دہلی کیپٹلس کے خلاف نصف سنچری لگاکر تاریخ رقم کردی۔ یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ ریان آسام کے رہنے والے ہیں اور ان کی عمر صرف 17 سال ہے۔ میچ کے بعد ریان پراگ نے کہا کہ وہ اس لیگ اور انڈر 19 عالمی کپ کے تجربہ کا استعمال ٹیم انڈیا میں جگہ بنانے کیلئے کرنا چاہتے ہیں۔ریان نے آئی پی ایل 2019 میں 40 کی اوسط سے 160 رن بنائے ہیں۔ دہلی کیپٹلس سے ہارنے کے بعد راجستھان رائلس کا سفر ختم ہوچکا ہے۔ پراگ کو آئی پی ایل 2019 کی نیلامی کے دوان راجستھان نے 20 لاکھ روپے بیس پرائز پر خریدا تھا۔ ان کی کارکردگی کے سامنے اس سیزن میں کئی بڑے کھلاڑی بھی پھیکے پڑگئے۔ پراگ نے دہلی سے پانچ وکٹ سے میچ گنوانے کے بعد صحافیوں سے کہا کہ میرے لئے اچھا آئی پی ایل رہا۔ یہ میرا پہلا آئی پی ایل تھا۔ میں نے نہیں سوچا تھا کہ میں اتنے میچوں میں کھیلوں گا۔ پراگ 2018 میں انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ ریان پراگ چنئی سپرکنگس کے کپتان دھونی کے بڑے مداح ہیں۔ پراگ نے آئی پی ایل میں چنئی کیخلاف ہی ڈیبیو کیا تھا اور دھونی نے ہی ان کا کیچ پکڑا تھا۔ پراگ کے والد پراگ داس کو رانجی میچ میں دھونی اسٹمپ آؤٹ کرچکے ہیں۔ دھونی، پراگ سے جب پہلی مرتبہ ملے تھے تو اس وقت اس نوجوان کرکٹر کی عمر صرف تین سال تھی۔ دھونی اور ریان کی فوٹو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی۔