جکارتہ۔21 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نوجوان نشانے باز سوربھ چودھری نے 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں آج مردوں کے 10 میٹر ایئر پسٹل نشانے بازی مقابلے میں ملک کے لئے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ اسی مقابلے میں ابھیشیک ورما نے بھی پوڈیم پر جگہ بناتے ہوئے برونزمیڈل جیتا۔16 سالہ نوجوان نشانے باز سوربھ نے جے ایس سی شوٹنگ رینج میں ہوئے فائنل میں ایشیائی کھیلوں کا ریکارڈ بناتے ہوئے240.7 پوائنٹس کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا اور گولڈمیڈل جیتا اور ہندوستان کے لئے اسی مقابلے میں دوسرا میڈل ابھیشیک نے دلایا۔ 29 سالہ نشانے باز نے 219.3 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کرکے برونزمیڈل جیتا۔ اس زمرے کا سلور میڈل جاپان کے تومویوکی تاتسودا کے حصے میں آیا۔ وہ 239.7 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر رہے ۔فائنل میں سوربھ کافی وقت تک برتری کے ساتھ دوسرے مقام پر برقرار رہے لیکن جیسے ہی ماتسودا نے 8.9 کا شاٹ لگایا سوربھ کو مضبوط برتری مل گئی اور ان کے آخری لمحوں میں 10.2 کے شاٹ کے ساتھ وہ سرفہرست آگئے ۔اس سے قبل کوالیفکیشن راؤنڈ میں بھی سوربھ نے اتنی ہی لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ586 کے بہترین اسکور کے ساتھ سرفہرست رہے تھے جبکہ ابھیشیک نے580 پوائنٹ کے ساتھ چھٹے مقام پر رہ کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ اس مقابلے میں اترنے والے دونوں نشانے بازوں نے ملک کے لئے میڈل حاصل کئے ۔میرٹھ کے سوربھ نے اسی کے ساتھ 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کو نشانے بازی کا پہلا گولڈ میڈل دلایا جبکہ ایشیائی کھیلوں کی تاریخ میں یہ ہندوستان کا نشانے بازی میں مجموعی طور پر آٹھواں گولڈ میڈل ہے ۔ وہیں سینئر مقابلے میں جونوان نشانے باز کا یہ پہلا میڈل ہے ۔ وہ اس سے قبل سال 2017 کے ایشین چمپئن شپ میں 10 میٹر ایئر پسٹل زمرے میں چوتھے مقام پر رہے تھے ۔پیشے سے وکیل ابھیشیک کے لئے بھی کسی بڑے بین الاقوامی سطح کے کھیلوں میں یہ پہلا مقابلہ ہے ۔ ابھیشیک نے اس سے پہلے کبھی نشانے بازی عالمی کپ میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔ ہندوستان کے لئے یہ میڈل اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ اس زمرے میں اب تک صرف وجے کمار ہی میڈل جیت پائے ہیں۔ انہوں نے سال2010 کے گوانگ جھوکھیلوں میں10 میٹر ایئر پسٹل میں ملک کو برونزمیڈل دلایا تھا۔سوربھ اور ابھیشیک نے قومی سلیکشن ٹرائل میں تجربہ کار جیتو رائے اور اوم متھروال کو مات دیتے ہوئے کھیلوں کے لئے ہندوستانی دستے میں جگہ بنائی تھی۔ ایشیائی کھیلوں میں سال 1974 کے تہران کھیلوں میں نشانے بازی کے اس مقابلے کو شامل کیا گیا تھا اور کھیلوں کے آخری11 ایڈیشنس میں چین نے ان میں سب سے زیادہ سات میڈل جیتے ہیں جبکہ کوریا نے دو اور جاپان اور شمالی کوریا کے پاس فی کس ایک میڈل ہے لیکن اس فہرست میں اب ہندوستان کا نام بھی شامل ہوگیا ہے ۔کوالیفکیشن میں سوربھ نے 40 تجربہ کار نشانے بازوںکی فیلڈ میںگیمس ریکارڈ بناتے ہوئے ٹاپ پر جگہ بنائی اور وہ سابق اولمپک چمپئن کوریا کے جن زون گوہ سے دو پوائنٹس آگے رہے ۔ سوربھ نے اس سے قبل پہل اسی زمرے میں جرمنی میں آئی ایس ایس ایف جونیئر عالمی کپ میں 243.7 پوائنٹس کے ساتھ عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔