س145 سوچھ آٹو ٹپرز شہر سے غائب

اضلاع میں کمرشیل مقاصد کیلئے استعمال، پولیس اور آر ٹی اے حکام کو کارروائی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 30 اپریل (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں گھر گھر پہنچ کر کچرا جمع کرنے والی کم و بیش 140 تا 145 نئی سوچھ آٹو ٹپرز گذشتہ چار ماہ سے نظر نہیں آرہی ہیں۔ معلوم ہوا ہیکہ یہ آٹو ٹپرز اضلاع محبوب نگر، میدک، نلگنڈہ، رنگاریڈی، کریم نگر اور ورنگل میں کمریشل مقاصد کے لئے استعمال کئے جارہے ہیں۔ یہ آٹو ٹپرز مسافرین کو لے جانے ریت اور دوسرا تعمیراتی سامان منتقل کرنے اور گھریلو سازوسامان اور ٹینٹ ہاؤز میٹریل لے جانے کیلئے استعمال کی جارہی ہیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی بی جناردھن ریڈی نے اس اسکام کا سنجیدگی سے نوٹ لیا ہے اور تمام جی ایچ ایم سی سرکلس کے ڈپٹی میونسپل کمشنرس کو ہدایت دی ہیکہ وہ لاپتہ آٹو ٹپرز کا ٹریفک پولیس اور آر ٹی اے حکام کی مدد سے فوری پتہ چلائیں۔ انہوں نے لاپتہ گاڑیوں سے متعلق پولیس میں شکایت درج کرانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ ٹپرز آپریٹرس کے خلاف کیسیس درج کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد کو کچرے سے پاک صاف شہر بنانے کیلئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے 2 ہزار 500 سوچھ آٹو ٹپرز فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جی ایچ ایم سی نے 2 ہزار آٹو ٹپرز حاصل کئے اور ایک ہزار 800 آٹو ٹپرز ڈرائیونگ لائسنس اور تجربہ رکھنے والے افراد میں تقسیم کئے تھے۔