س00الہ سالگرہ پر : شہزادی نیلوفر۔ حیات اور شخصیت

ترکی شہر استنبول کے قصر گوز ٹیپ میں 4جنوری 1916 کو شہزادی نیلوفر پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی والدہ عادل سلطان، سلطان مراد پنجم کی پوتی تھیں، شہزادی نیلوفر ان کے دوسرے شوہر صلاح الدین مورالی کی دختر تھیں۔ ان کے والد کا انتقال اس وقت ہوا جب ان کی عمر صرف تین سال تھی۔ شہزادی نیلوفر نے والد کی موجودگی نہ کبھی محسوس کی اور نہ کبھی اسے سمجھا۔ 8سال کی عمر میں شہزادی نیلوفر فرانس کے شہر نائس منتقل ہوگئیں۔ یہ کوئی رضاکارانہ اقدام نہیں تھا ترکی پہلی عالمی جنگ کے دوران ہی اپنی وضع قطع کھو چکا تھا۔1931ء میں شہزادی نیلوفر کی شادی، شہزادہ معظم جاہ سے طئے ہوئی، ان کی شادی12نومبر 1931 کو ہوئی۔ انہیں ساڑی پہننا سکھایا گیا۔ نظام کی موجودگی میں متوقع آداب اور طور طریقے سکھائے گئے۔ شہزادی نیلوفر اور شہزادہ معظم جاہ ہل فورٹ ( رٹز ) میں مقیم ہوئے۔ یہ عمارت نوبت پہاڑ کے چڑھاؤ پر آج بھی موجود ہے۔ کئی سال گزرگئے۔ شہزادی نیلوفر حاملہ نہیں ہوئی تھیں۔ انہوں نے یوروپ کے کئی ڈاکٹروں سے مشورہ کیا۔ بچے نہ ہونے کی وجہ ان کی نجی زندگی خالی تھی لیکن عوامی زندگی کافی شاندار تھی۔ شہزادی نیلوفر نے ایک ایسا دواخانہ قائم کیا جو آج بھی لال ٹیکری ( ریڈ ہلز ) میں موجود ہے۔ انہوں نے نرس کی تربیت بھی حاصل کی اور بے شمار راحت رسانی کے کاموں میں مدد کی۔ ان کا حسن اور ان کی سرگرم عوامی زندگی کا تذکرہ اخبارات میں ہوا۔ اکثر رسالوں کے سرِورق پر ان کی تصویر شائع کی جاتی تھی۔ انہیں دنیا کی10حسین ترین خواتین میں شامل کیا گیا تھا۔ ان کی ساڑیاں ممبئی کے ڈیزآئنر مادھوداس تیار کرتے تھے۔ انہیں کئی فلموں میں کام کی پیشکش کی گئی۔1952 میں شہزادہ معظم جاہ سے ان کی علحدگی ہوگئی، وہ اپنی والدہ کے ساتھ پیرس میں مقیم رہیں۔ اس وقت ان کی عمر 36 سال تھی۔ شہزادی نیلوفر کا انتقال 1989ء میں پیرس میں ہوا اور ان کی والدہ کے پہلو میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔