قاہرہ ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک مصری عدالت نے 22 اسلام پسندوں کو 2013ء میں قصرصدارت کے قریب تشدد برپا کرنے کی پاداش میں فی کس 10 سال کی سزائے قید سنائی ہے جبکہ ان پر 2600 ڈالرس فی کس بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اسی معاملہ میں ملوث 7 دیگر جونیانلس (نابالغ) کو بھی پانچ سال فی کس کی سزائے قید کا حکم دیا گیا ہے۔ تمام سزاؤں کا اعلان ملزمین کے غیاب میں کیا گیا ہے۔ تشدد کے یہ واقعات 2013ء میں اس وقت رونما ہوئے تھے جب شہریوں (جن میں قابل لحاظ تعداد اخوان المسلمین ارکان کی بھی تھی) اور سیکوریٹی فورسیس کے درمیان زبردست جھڑپیں ہوئی تھیں۔ یاد رہے کہ اسلام پسند سابق صدر محمد مرسی کی 2013ء میں معزولی کے بعد مصری حکومت نے اخوان المسلمین اور ان کے حامیوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔