حیدرآباد، 5 جون (پریس نوٹ) آندھرا پردیش فٹبال اسوسی ایشن نے سی ۔ ڈیویژن فٹبال لیگ کو منگل 10 جون سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے پی ایف اے سکریٹری جی پی پالگنا کی اطلاع کے بموجب اس ضمن میں ایک میٹنگ جمعہ 6 جون کو دفتر اسوسی ایشن میں شام 6:00 بجے مقرر ہے۔ تمام سی ۔ ڈیویژن کلبس؍ ڈپارٹمنٹس کے سکریٹریز، منیجرز اور کوچس سے اس میٹنگ میں شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔
ٹیم کی قیادت میرے لئے فخر کی بات : ہاشم آملہ
جوہانسبرگ، 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ ساؤتھ افریکا (سی ایس اے) کے مقررہ نئے کپتان ہاشم آملا نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ ٹیم کی قیادت کرنا ان کیلئے فخر کی بات ہے لیکن ذمہ داری ملنے کے بعد انہیں اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ٹیم کو بھی متحد رکھ کر چلنا ہو گا۔ انہوں نے گرائم اسمتھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسمتھ کی قیادت میں ٹیم نے بھرپور کامیابیاں حاصل کیں اور ان کامیابیوں کے سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہاشم 75 ٹسٹ میچز میں 21 سنچریوں اور 27 نصف سنچریوں کی مدد سے 6000 سے زائد رنز بنا چکے ہیں اور آئندہ ماہ دورۂ سری لنکا کے دوران 2 ٹسٹ میچز سے اپنی کپتانی کے سفر کا آغاز کریں گے۔