سی پی ای سی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل سے پاک۔چین معاشی تعلقات میں مدد :عمران خان

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے آج کہا کہ 50 ارب امریکی ڈالر مالیتی سی پی ای سی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل نہ صرف پاکستان اور چین کے معاشی تعلقات کے حقیقی امکانات میں اضافہ کرے گی بلکہ اس علاقہ میں پائیدار امن قائم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی ۔ وہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں اُن کے کابینی ساتھی شامل تھے اور اُن کے اولین دورۂ چین پر تبادلۂ خیال کررہے تھے جس سے چین ۔پاکستان معاشی راہداری پراجکٹ مربوط ہے ۔ ملاقات میں وزیر فینانس اسد عمر ، وزیر اطلاعات فواد چودھری ، وزیر منصوبہ بندی و ترقی خسرو بختیار اور وزیر ریلوے شیخ رشید اور سینئر عہدیدار شریک تھے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ سدابہار پاکستان۔ چین حکمت عملی میں تعاون و شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے ۔ دونوں ممالک نے پچاس ارب امریکی ڈالر مالیتی غیرمتنازعہ سی پی ای سی کا 2015 ء میں آغاز کیا ہے ۔