سی پی ایم نے انسپکٹر سبودھ کمار کے قتل کی سخت مذمت کی

نئی دہلی۔4دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) نے اتر پردیش کے بلند شہر میں مشتعل گئو رکشکوں کی بھیڑ کے ذریعہ پولس انسپکٹر سبودھ کمار سمیت دو لوگوں کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے سے منصوبہ بند واقعہ کے قصورواروں کے خلاف فوری سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔ سی پی ایم پولٹ بیورو نے منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ لوک سبھا انتخابات کو دیکھتے ہوئے اس طرح کے واقعات پہلے منصوبہ بند تھے اور سیانا گاؤں میں گائے کی نعش پائے جانے کے بہانے تشدد بھڑکایا گیا۔ وشو ہندو پریشد اور دیگر ہندو نظریاتی طاقتیں اسی طرح منصوبہ بند طریقے سے اس طرح کے واقعات کو انجام دے رہی ہیں۔ پارٹی نے کہا ہے کہ ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ جس طرح فرقہ وارانہ بیانات دے رہے ہیں اس سے بھی ایسا ماحول بنا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی بھیڑ اس طرح کے حملے کر رہی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔