کولکتہ ۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا کے سابق اسپیکر اور سی پی ایم کے سینئر لیڈر سومناتھ چٹرجی نے جنہیں 2008ء میں پارٹی سے خارج کردیا گیا تھا، آج کہا کہ وہ پارٹی میں دوبارہ شمولیت پر غور کرسکتے ہیں۔ بشرطیکہ ان سے مناسب طریقہ پر رجوع کیا جائے۔ سومناتھ چٹرجی نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اب میں بوڑھا ہوگیا ہوں اور سرگرم سیاست سے بھی سبکدوش ہوچکا ہوں۔ پارٹی میں دوبارہ شمولیت کیلئے غوروخوض کرسکتا ہوں بشرطیکہ پارٹی قیادت مجھ سے مناسب طریقہ پر ہند امریکی ایٹمی معاہدہ پر سی پی ایم کے موقف سے انحراف کے الزام میں پارٹی سے اخراج کے 7 سال بعد کولکتہ میں منعقدہ پارٹی کانفرنس میں ان کی دوبارہ شمولیت کیلئے آواز بلند کی گئی جبکہ انہوں نے پارٹی میں 40 سال تک خدمات انجام دی تھیں۔ سی پی ایم کی 24 ویں ریاستی کانفرنس میں پارٹی کے جنرل سکریٹری پرکاش کرت کی موجودگی میں 10 مرتبہ بحیثیت رکن پارلیمنٹ منتخب چٹرجی کو واپس لانے کا نعرہ بلند کیا گیا جبکہ پرکاش کرت نے ہی جولائی 2008ء میں چٹرجی کے اخراج میں کلیدی رول ادا کیا تھا۔ یہ دریافت کئے جانے پر پارٹی قیادت چٹرجی کو دوبارہ شامل کرنے پر غورخوض کررہی ہے۔ سی پی ایم پولیٹ بیورو ممبر محمد سلیم نے تبصرہ سے انکار کردیا۔