ممبئی 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کمیونسٹ لیڈر گویند پنسرے کو آج زبردست خراج پیش کیا گیا۔ وہ کل رات گولی کے زخم سے جانبر نہ ہوسکے۔ خراج پیش کرنے والوں نے ان کے حملہ آوروں کی گرفتاری اور سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ مہاراشٹرا میں ترقی پسند قائدین کے خلاف سرگرم عناصر کو سبق سکھانے کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا گیا۔ گورنر مہاراشٹرا سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے پنسرے کے انتقال پر اپنے گہرے دُکھ کا اظہار کیا اور خراج پیش کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اس ہفتہ کے اوائل میں اِن پر کیا گیا حملہ گھناؤنا اور بربریت انگیز تھا۔ ان کی بے وقت موت نے ہم سب کو دُکھی کردیا ہے۔ بے لوث اور مخلص قائد کا قتل ایک گھناؤنا جرم ہے۔ میرے خیال میں اس حملہ کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جانی چاہئے۔