نئی دہلی۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج لوک سبھا میں سی بی ایس ای کے ڈریس سے متعلق جاری کردہ سرکیولر سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ آل انڈیا میڈیکل ٹسٹ میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کیلئے سی بی ایس ای نے خصوصی ڈریس کوڈ جاری کیا تھا۔ آج وقفہ صفر کے دوران ایم آئی شاہنواز نے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ سی بی ایس ای نے حجاب ‘ ہیڈ اسکارف ‘ نقاب اور آستین پر امتناع عائد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ایک راہبہ (نن) روتی رہی اور اس نے امتحان نہیں لکھا تھا۔ وہ واپس چلی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ لباس ہر شخص کی شناخت ہوتی ہے لہذا یہ احساس نہیں ہونا چاہئے کہ کسی کے مذہبی امور میں مداخلت کی جارہی ہے۔