نئی دہلی ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ترنمول کانگریس نے آج شاردا چٹ فنڈ اسکام میں سی بی آئی کے بیجا استعمال کے خلاف لوک سبھا میں منہ پر سیاہ پٹیاں لگا کر احتجاج اور واک آوٹ کردیا ۔ ترنمول ارکان نے بطور احتجاج ایوان کے وسط میں خاموش کھڑے رہے بعد ازاں واک آوٹ کردیا ۔ تاہم سینئیر پارٹی لیڈر سگوتارائے نے کچھ لمحات کے لیے منہ پر سے سیاہ پٹی نکالی اور بتایا کہ ان کے مائیکرو فونس بند کردئیے گئے ہیں جو کہ جمہوریت کے مغائر ہے ۔ گذشتہ چند دنوں سے ترنمول کانگریس ارکان شاردا اسکام سی بی آئی کے بیجا استعمال کا مسئلہ مسلسل اٹھا رہے ہیں گذشتہ ہفتہ سی بی آئی نے اسکام کے سلسلہ میں مغربی بنگال کے وزیر ٹرانسپورٹ مدن مشرا کو گرفتار کیا تھا ۔ قبل ازیں ترنمول ارکان نے منہ پر سیاہ پٹیاں لگاکر پارلیمنٹ کے احاطہ میں واقع مجسمہ گاندھی تک خاموش جلوس نکالا تھا ۔