سی بی آئی کی مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات

نئی دہلی ۔ /30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آفیسرس کی کمی کا سامنا کرنے والی سی بی آئی کے لئے بہت جلد عہدیداروں کا تقرر عمل میں لایا جائے گا ۔ مرکز نے تمام ریاستی حکومتوں اور مرکز ۔ زیرانتظام علاقوں کو عنقریب مکتوب لکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سی بی آئی میں تقریباً 750 مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرلیا جاسکے ۔ اس ایجنسی کو عہدیداروں کی کمی کا سامنا ہے ۔ ایجنسی کی جانب سے ملک سے بڑے اسکامس کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ ان میں ویاپم اسکام اور چٹ فنڈ اسکام بھی شامل ہے ۔ ایجنسی نے اس تعلق سے پہلے ہی سپریم کورٹ میں درخواست کی ہے ۔ محکمہ پرسونل اینڈ ٹریننگ کے ساتھ مشاورت کے بعد سی بی آئی کیلئے عہدیداروں کے تقرر پر توجہ دی جائے گی ۔ مرکزی حکومت نے مناسب عہدیداروں کے ناموں کی تفصیلات روانہ کرنے کی خواہش کی ہے ۔