قاہرہ ۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سنٹرل انٹلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائرکٹر جان برینن نے صدر مصر عبدالفتاح السیسی سے بات چیت کی جو یہاں ایک غیرمعلنہ دورہ پر پہنچے ہیں۔ صدر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی۔ اس ملاقات کا مقصد دونوں حلیف ممالک کے درمیان ایک بار پھر قربت کو مستحکم کرنے کی بات کہی جارہی ہے کیونکہ جاریہ سال مارچ میں امریکہ نے مصر کو سالانہ 1.5 بلین ڈالرس کی امداد پر عائد پابندی کو جزوی طور پر بحال کردیا تھا جو 2013ء میں اس وقت عائد کی گئی تھی جب فوجی سربراہ سیسی کی جانب سے منتخبہ صدر کو محمد مرسی کو معزول کردیا گیا تھا۔ اس ملاقات کے دوران توقع ہیکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب بھی توجہ دی جائے گی جس میں حکمت عملی تعلقات کا استحکام بھی شامل ہے۔