سیکولر ہندوستان کیلئے ممتا بہتر وزیر اعظم :بخاری

کولکتہ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات سے قبل ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی کو مزید تقویت حاصل ہوئی جبکہ جامع مسجد دہلی کے شاہی امام سید احمد بخاری نے مغربی بنگال میں اقلیتوں کیلئے ان کے کاموں کی ستائش کی اور کہا کہ وہ سیکولر ہندوستان کی دوسروں کی بہ نسبت بہتر وزیر اعظم ثابت ہوں گی۔بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان کسی خفیہ معاہدہ کی خبر کو مسترد کرتے ہوئے جیسا کہ کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیاں الزام عائد کررہی ہے بخاری نے امید ظاہر کی کہ ممتاز بنرجی مابعد انتخابات بھی بی جے پی سے اتحاد نہیں کریں گی۔

احمد بخاری نے کہا کہ ممتا بنرجی نے اقلیتوں اور مسلمانوں کیلئے ریاست میں جو ترقیاتی کام کئے ہیںان کا جائزہ لینے کے بعد اُن کا یہ شخصی احساس ہے کہ سیکولر ہندوستان کو ایسے ہی قائد کی ضرورت ہے جو باتوں میں نہیں بلکہ کام میں یقین رکھتا ہو۔ ممتا بنرجی 2014 ء کے لوک سبھا انتخابات میںوزارت عظمی کی دوڑ میں شامل دیگر امیدواروں سے بہتر وزیر اعظم ثابت ہوں گی۔بخاری نے کہا کہ وہ تمام وزرائے اعلی کو سوائے بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے مکتوب روانہ کرچکے ہیں لیکن کسی نے بھی انہیں جواب دینے کی زحمت گوارا نہیں کی لیکن ممتا بنرجی نے حکومت بنگال کی مسلمانوں کیلئے کئے ہوئے ترقیاتی پروگراموں کی تفصیل پر مبنی جواب روانہ کیا۔