سیکورٹی کونسل کی جانب سے حافظ سعید کے نام کے ساتھ ’’صاحب‘‘ لکھنے پر ہندوستان برہم

لاہور ۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی طرف سے لکھے جانے والے مکتوب میں جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کو عزت اور احترام کے ساتھ ’’صاحب‘‘ لکھنے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ القاعدہ اور اس سے تعلق رکھنے والے افراد اور تنظیموں کے حوالے سے سیکورٹی کونسل کمیٹی کے چیرمین گیرے کوئینلیسن کی طرف سے 17 ڈسمبر 2014ء کو لکھے گئے ایک مکتوب نمبری S/AC-37/2014/OC-218 میں حافظ سعید کے نام کے ساتھ ’’صاحب‘‘ لکھا گیا ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے حکام نے مذکورہ خط کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک طرف تو سیکورٹی کونسل دنیا بھر میں دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے جبکہ دوسری طرف امریکہ کو مطلوب شخص کو عزت اور احترام کا رتبہ دے کر ہندوستان کے زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے۔