سیول سرویس کوچنگ کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری

نظام آباد۔ 18 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پروفیسر ایم اے عظیم ڈپٹی ڈائریکٹر مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی حیدرآباد نے جناب طارق انصاری ڈائریکٹر گوتمی گروپ آف کالجس نظام آباد کے نام جاری کردہ ایک اعلامیہ میں بتایا کہ اقلیتی طلباء و خواتین کو مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کی جانب سے سیول سرویس ابتدائی کوچنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس میں انہیں مفت رہائش و کوچنگ کا نظم کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال تین طلباء اہل قرار دیئے گئے اور وہ اس وقت اصل امتحان کی تیاری میں مصروف ہیں۔ اہل امیدوار جو 2015ء کے امتحان میں شرکت کے خواہش مند ہیں، وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے 22 ڈسمبر 2014ء تک درخواستیں داخل کردیں۔ داخلہ کا انحصار 11 جنوری 2015ء کو ہونے والے امتحان پر رہے گا۔ یہ امتحان بھوپال، حیدرآباد، لکھنؤ، پٹنہ، نئی دہلی، سرینگر، بیدر کے علاوہ کرنول میں منعقد ہوگا۔ کامیاب طلباء کا انٹرویو 30 جنوری 2015ء کو مولانا آزادنیشنل اردو یونیورسٹی کیمپس حیدرآباد میں ہوگا اور 6 فروری سے کلاسیس کا آغاز عمل میں لایا جائے گا۔ پروفیسر ایم اے عظیم ڈپٹی ڈائریکٹر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور جناب طارق انصاری ڈائریکٹر گوتمی گروپ آف ڈگری کالجس نے بتایا کہ مزید تفصیلات کیلئے www.manu.ac.in ویب سائیٹ ملاحظہ کیجئے۔