گلاسگو ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ویٹ لفٹر ستیش سیوالنگم نے ہندوستان کیلئے تاریخ بنا لی ہے جیسا کہ کامن ویلتھ گیمس میں پہلی مرتبہ شرکت کرتے ہوئے انہوں نے سیدھے گولڈ میڈل حاصل کرلیا ہے جبکہ ان کے ساتھی ویٹ لفٹر روی کٹولو نے 77 کیلو گرام زمرہ میں سلور میڈل حاصل کیا ہے۔ 22 سالہ ستیش جنہوں نے 2013ء کامن ویلتھ چمپیئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے، انہوں نے یہاں 149+179 کے ذریعہ مجموعی طور پر 328 کیلو گرام وزن اٹھایا ہے اور 2010ء کامن ویلتھ گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے روی کو سنہری کامیابی سے محروم کردیا جنہوں نے 142+175 کے ذریعہ مجموعی طور پر 317 کیلو گرام وزن اٹھایا ہے۔ ہندوستانی ایتھلیٹس نے جہاں گولڈ اور سلور میڈل حاصل کیا وہیں آسٹریلیا کے فرانکوئیس ایٹوانڈی نے 137+177 کے ذریعہ مجموعی طور پر 314 کیلو گرام وزن اٹھاتے ہوئے اس زمرہ کا تیسرا اور آخری میڈل براونز کی شکل میں حاصل کیا۔ ستیش جنہوں نے پہلے ہی مرحلہ میں 149 کیلو گرام وزن اٹھاتے ہوئے 2010ء دہلی کامن ویلتھ گیمس میں یوکو بیٹر کی جانب سے اٹھائے جانے والے 148 کیلو گرام کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ 2010 ء کے برعکس ہندوستانی ویٹ لفٹروں نے اس مرتبہ 3 گولڈ، 2 سلور اور 4 براونز میڈل کے ذریعہ اپنے ریکارڈ کو 9 میڈلس کے ذریعہ مزید بہتر کرلیا ہے کیونکہ دہلی میں ہندوستان کو اس زمرہ میں 2-2-4 کے ذریعہ 8 میڈل حاصل کئے تھے۔