منچریال ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حلقہ اسمبلی منچریال میں مجموعی طور پر رائے دہی 54 فیصد رہی جو ضلع منچریال میں بہت کم ریکارڈ کی گئی ، حلقہ میں بعض پولنگ بوتھس پر ای وی ایم مشینوں میں خرابی کی وجہ سے مختصر وقفہ کے لیے رائے دہی میں رکاوٹ آگئی اور ضلع منچریال میں رائے دہی پرامن طور پر اختتام کو پہنچی ۔ یہ بات ضلع الیکشن آفیسر و ضلع کلکٹر منچریال مسرز بھارتی ہولیکری نے اپنے ایک پریس نوٹ میں بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع منچریال کے تین اسمبلی حلقوں ، حلقہ چنور میں 67 فیصد ، حلقہ بیلم پلی میں 71.15 فیصد اور سب سے کم حلقہ منچریال میں 54 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ اس طرح مجموعی طور پر تینوں اسمبلی حلقوں میں جملہ 64.38 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض پولنگ بوتھس میں ای وی ایم مشینوں میں خرابی کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔ لیکن وہاں فوراً مشینوں کی خرابی کو دور کرلیا گیا ۔ ونیز ضلع منچریال میں کئی رائے دہندوں کے نام فہرست رائے دہندگان سے غائب ہونے کی شکایتیں وصول ہوئی ہیں ۔ حالانکہ تمام اہل رائے دہندوں کے لیے انتخابی فہرست پر ایک پولنگ بوتھ پر دستیاب رکھی گئی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ شام 4 بجے رائے دہی کے اختتام کے بعد تمام ای وی ایم مشینوں کو منچریال میں رائے شماری کے مقام پر اسٹرانگ روم میں بحفاظت منتقل کردیا گیا اور کہا کہ کہیں سے بھی کوئی بدعنوانی کی شکایتیں وصول نہیں ہوئی ہیں ۔ بحیثیت مجموعی ضلع منچریال کے تینوں اسمبلی حلقوں میں رائے دہی پرامن رہی ۔ اس موقع پر پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے ۔۔