کولمبو 13 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے کرکٹ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آف اسپنر سچترا سینا نائیکے کو سخت ٹریننگ دینگے جن پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے امتناع عائد کردیا ہے اور کہا کہ ان کا بولنگ ایکشن غیر قانونی ہے ۔ سری لنکا کرکٹ کے سکریٹری نشانتا رانا تنگا نے کہا کہ کوچنگ ٹیم کو ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ آئی سی سی کی اسٹڈی رپورٹس کا جائزہ لیں اور سینا نائیکے کے بولنگ ایکشن کو درست کرنے کی کوشش کی جائے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکا کرکٹ سے کل ہیا کہا تھا کہ اس نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز کے میدان پر ماہ مئی میں میچ کے بعد سینا نائیکے کے بولنگ ایکشن کا جائزہ لیا ہے اور اس کا یہ ماننا ہے کہ ان کا بولنگ ایکشن درست نہیں ہے اس لئے انہیں معطل کیا جاتا ہے ۔ رانا تنگا نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فیصلے کو قبول کیا جارہا ہے تاہم اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں اور سینا نائیکے کے بولنگ ایکشن کو سدھارا جا رہا ہے تاکہ وہ دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں کسی طرح کی کوچنگ اور مدد کی ضرورت درپیش ہوتی ہے تو ہم ایسا کرنے تیار ہیں اور انہیں واپسی کا موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔