سینا نائیکے کو بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی امید

کولمبو 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) طویل وقت تک اپنے بولنگ ایکشن پر سخت محنت کرنے کے بعد سری لنکا کے آف اسپنر سچترا سینا نائیکے نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرینگے ۔ سینا نائیکے پر متنازعہ بولنگ ایکشن کی وجہ سے امتناع عائد کردیا گیا تھا ۔ سینا نائیکے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرینگے ۔ انہیں آئی سی سی کی اجازت کا انتظار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان پر تین ماہ قبل امتناع عائد کردیا گیا تھا تاہم بعد میں انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود امپائروں سے شخصی طور پر درخواست کی ہے کہ اگر وہ ان کے ایکشن میں کوئی نقص دیکھیں تو اس سے انہیں مطلع کیا جائے ۔ ابھی تک ان کے ایکشن پر کسی بھی امپائر کی جانب سے کوئی اعتراض نہیں کیا گیا ہے ۔ سری لنکا کرکٹ ویڈیو تجزیہ نگاروں کی جانب سے بھی سینا نائیکے کے ایکشن کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اگر کوئی نقص ہو تو اسے دور کیا جاسکے ۔ آئی سی سی نے کہا تھا کہ سینا نائیکے کو اس وقت تک کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی جب تک وہ اپنے ایکشن کو بہتر نہیں بناتے ۔ بعد ازاں انہیں معائنوں کیلئے ویسٹرن آسٹریلیا کی یونیورسٹی سے رجوع کیا گیا تھا ۔ سینا نائیکے نے کہا کہ انہوں نے سخت محنت کی ہے اور انہیں امید ہے کہ اس کا صلہ انہیں ضرور ملیگا۔