سینائی میں تین جنوبی کوریائی سیاحوں کی ہلاکت ، سیول کی برہمی

قاہرہ ؍ سیول ، 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی سرحد کے قریب مصر کے سینائی علاقے میں اتوار کے روز سیاحوں کی ایک بس پر بم حملے کے چار مہلوکین میں تین کا تعلق جنوبی کوریا سے بتایا گیا ہے۔ اس حملے میں دیگر 13 افراد زخمی بتائے گئے ہیں۔ یہ علاقے میں 2004ء کے بعد سیاحوں کی کسی بس پر یہ پہلا بڑا حملہ کیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا نے اس حملے پر جہاں گہرے دکھ اور برہمی کا اظہار کیا، وہیں مصری وزیر سیاحت ہشام زازو نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ مصر کے عبوری صدر کے دفتر سے جاری بیان میں بھی اس حملے کو بزدلانہ قرار دیا گیا ہے۔