سینئر ٹیم کا کوچ بننا مقصد نہیں : ڈراویڈ

نئی دہلی۔ 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) نوجوان اور اُبھرتے کھلاڑیوں کا کوچ منتخب کرنے پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہی وہ ملازمت ہے جسے وہ شروع ہی سے انجام دینا چاہتے تھے ڈراویڈ نے ’’ای ایس پی این کرک انفو ‘‘سے خصوصی گفتگو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ شروع ہی سے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کرنا چاہتے تھے اور بی سی سی آئی نے انہیں کوچ منتخب کرتے ہوئے یہ موقع فراہم کیا ہے۔ڈراویڈ سے جب استفسار کیا گیا کہ کیا وہ نوجوان کرکٹرس کی کوچنگ کے ذریعہ سینئر ٹیم کے کوچ بھی بننا چاہتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ یہ ان کا مقصد نہیں ہے اور نہ ہی میں اسے سینئر ٹیم کے کوچ بننے کی پہلی سیڑھی سمجھتا ہوں۔ ڈراویڈ نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ہی نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت میں دلچسپی رکھتے تھے اور اب انہیں ہندوستانی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ موقع ملے گا ۔ڈراویڈ کے بموجب وہ بی سی سی آئی کی ایڈوائزری کمیٹی کے ساتھ بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے اپنی تمام توانائی صرف کریں گے۔