سینئر سٹیزنس پنشن میں دوگنا اضافہ،10لاکھ نوجوانوں کو بیروزگاری الاؤنس

تلنگانہ میں اقتدار پر کانگریس کا وعدہ، راہول گاندھی کے دورہ سے کے سی آر خوفزدہ، قبل از وقت انتخابات ممکن: اتم کمار ریڈی

حیدرآباد۔15اگسٹ(سیاست نیوز) ریاست میں اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں کانگریس پارٹی ریاست کے 10لاکھ نوجوانوں کو ماہانہ 3000روپئے بے روزگاری بھتہ ادا کرنے کی اسکیم شروع کرے گی علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے وظیفہ پیرانہ سالی کو دوگنا کرتے ہوئے ماہانہ 2000 روپئے کردیا جائے گا علاوہ ازیں وظیفہ پیرانہ سالی کی اسکیم کے لئے موجودہ حد عمر 65سال کو گھٹا کر 58 سال کردیا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس کیپٹن اتم کمار ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی نے رکن اسمبلی مسٹر ٹی جیون ریڈی کی زیر قیادت وظیفہ پیرانی سالی اسکیم کا جائزہ لینے کے لئے 42رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی سفارشات موصول ہوچکی ہیں اور ان سفارشات کے مطابق ہی کانگریس پارٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اقتدار حاصل ہونے پر وظیفہ پیرانہ سالی کی حد عمر میں تخفیف اور رقم کو دوگنا کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 10 لاکھ نوجوانوں کو 3000روپئے بے روزگاری بھتہ جاری کئے جانے کی صورت میں ریاست کے خزانہ پر 300 کروڑ کا ماہانہ بوجھ عائد ہوگا جو کہ قابل برداشت ہے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کل ہندکانگریس کمیٹی صدر مسٹر راہول گاندھی کے دورۂ حیدرآباد پر ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تبصرہ کو اوچھی حرکت اور نادانی قرار دیا۔ کیپٹن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ راہول گاندھی کے دوروزہ دورۂ حیدرآباد کا ہی نتیجہ ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سیلف ہیلپ گروپ کے 3000 کروڑ کے بقایاجات میں 970کروڑ روپئے کی اجرائی کو ممکن بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو یقین ہے کہ ریاست میں قبل از وقت انتخابات کو حکومت یقینی بنائے گی تاکہ اپوزیشن جماعتوں کو کمزور کیا جا سکے لیکن پردیش کانگریس کسی بھی وقت انتخابات کا سامنا کرنے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے بتایا کہ راہول گاندھی کے دورہ کے دوران ستمبر میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے امیدواروں کی فہرست کی اجرائی کا اعلان کرتے ہوئے صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے ارادے ظاہر کردیئے ہیں اور یہ ظاہر کرچکے ہیں کہ وہ راہول گاندھی سے خائف ہیں۔انہوںنے بتایا کہ راہول گاندھی نے پردیش کانگریس کو ہدایت دی ہے کہ وہ امیدواروں کو قطعیت دینے کے لئے کمیٹی تشکیل دیں۔ اس پریس کانفرنس کے موقع پر کیپٹن اتم کمار ریڈی کے ہمراہ مسٹر محمد علی شبیر ‘ مسٹرکے جانا ریڈی ‘ مسٹر آر سی کنٹیا‘ مسٹر پنالہ لکشمیا‘ مسٹر ملو بٹی وکرامارک اور دیگر موجود تھے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کے دورہ کے دوران 31ہزار 656 بوتھ صدور سے ٹیلی کانفرنس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور اس طرح کی ایک اور کانفرنس دہلی سے بھی منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ دونوں ملک میں قانونی ادارو ںپر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے دو کانگریسی ارکان اسمبلی کے متعلق عدالتی احکام کو حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی۔