نئی دہلی 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے قبل چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر اور سینئر بی جے پی قائدین اننت کمار اور رام لعل نے صدر پارٹی راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ گوا کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سری پدنائک نے بھی راجناتھ سنگھ سے ملاقات کر کے امید ظاہر کی کہ کابینہ میں گوا کی بھی نمائندگی ہوگی ۔امیتھی سے راہول گاندھی کے مقابلہ میں ناکام ہونے والی بی جے پی امیدوار سمرتی ایرانی نے بھی صدر بی جے پی سے ملاقات کی ۔ نریندر مودی سب سے پہلے پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں منعقدہ بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے ایک اجلاس میں قائد منتخب کئے جائیں گے اور اس کے کچھ ہی دیر بعد این ڈی اے کے ارکان پارلیمنٹ انہیں اپنا صدر منتخب کریں گے ۔ اس کے بعد این ڈی اے قائدین، اتحادی قائدین کے ایک وفد کے ساتھ صدر جمہوریہ ہند سے ملاقات کر کے انہیں مودی کو اپنا قائد منتخب کرنے کے فیصلہ کی اطلاع دیں گے ۔