سینئر بش ہاسپٹل سے ڈسچارج

ہوسٹن۔ 31ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام ) سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بش کو ہوسٹن میتھوڈسٹ ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ 90 سالہ بش کو تنفس کے عارضہ کی وجہ سے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ اُن کے ترجمان جم میک گرا نے بتایا کہ سابق صدر کو آج ہاسپٹل سے ڈسچارج کیا گیا اور اس وقت وہ اپنی رہائش گاہ پر آرام کررہے ہیں۔ میک گرا نے بتایا کہ بش نے اُن ڈاکٹروں اور نرسوں سے بھی اظہارتشکر کیا جنھوں نے شبانہ روز اُن کی خدمت کی اور اُنھیں نئے سال کی مبارکباد بھی دی ۔

ژنجیانگ سے اعلیٰ سطحی ایغور عہدیدار کا تبادلہ
بیجنگ ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے اعلیٰ سطحی مقامی ایغور عہدیدار کو گڑبڑ زدہ صوبہ ژنجیانگ سے منتقل کردیا، جو ایک عرصہ سے اس علاقہ میں بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی کو کچلنے کوشاں تھے، انہیں ملک کے منصوبہ بندی کمیشن کے ایک سینئر عہدہ پر فائز کیا گیا ہے۔ نسلی اقلیت کے کسی بھی شخص کا اس اعلیٰ عہدہ پر فائز ہونا ایک نایاب اقدام ہے۔ سرکاری اعلامیہ کے بموجب خبر رساں ادارہ ژنہوا نے اطلاع دی ہے کہ نور بیکری نائب معتمد ژنجیانگ کی جگہ مقامی شہری شہرت ذاکر کو مقرر کیا گیا ہے ۔ بیکری کو اکثریت کے زیر قبضہ اعلیٰ عہدہ پر فائز کیا گیا ہے۔