سیمی ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش

سینٹ جانسن۔10مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کی ٹسٹ کرکٹ ٹیم کی قیادت دنیش رام دین کو دیئے جانے کے چند گھنٹے بعد ہی سابق کپتان اور آل راؤنڈر ڈیرن سیمی نے ٹسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے ۔ 30سالہ سیمی 2010ء سے ویسٹ انڈیز کے ٹسٹ کپتان تھے لیکن ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے کہا کہ سیمی کو ٹسٹ ٹیم کی قیادت سے برطرف کرنے کے باوجود وہ ٹوئنٹی 20کے بدستور کپتان رہیں گے تاہم سیمی نے اس اعلان کے چند گھنٹے بعد ہی ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے ۔ سیمی نے 38ٹسٹ مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی ہے جس میں وہ 30مقابلوں میں ٹیم کے کپتان بھی رہے ۔ سیمی نے اپنے فیصلے سے بورڈ کو بھی آگاہ کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اب دنیا کی ایسی پہلی ٹیم ہے جس کے تینوں طرز کی کرکٹ میں تین مختلف کپتان قیادت کریں گے ۔