سیمی فائنل کی چوتھی ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ سے ہوگا:مکالم

کرائسٹ چرچ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برنڈن مکالم کی ورلڈ کپ بارے پیش قیاسیوں نے ہلچل مچا دی ہے۔ مکالم نے سوشل میڈیا پر 2019 ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان، انگلینڈ ،آسٹریلیا سیمی فائنل میں ہوں گے جبکہ چوتھی ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔ وہ ویسٹ انڈیز ، جنوبی افریقہ اور پاکستان میں سے کوئی بھی ہوسکتی ہے۔ مکالم نے مزید کہا کہ ہے کہ ورلڈ کپ مقابلوں میں انگلینڈ اور ہندوستان کی ٹیمیں صرف ایک میچ ہاریں گے۔ انگلش ٹیم آسٹریلیا جبکہ ہندوستانی ٹیم انگلینڈ سے شکست کھائے گی۔ نیوزی لینڈ 4 میچ پاکستان ، ہندوستان ، آسٹریلیا اور انگلینڈ سے ہارے گی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم جنوبی افریقہ ، انگلینڈ ، ہندوستان اور نیوزی لینڈ سے ہارے گی۔ جنوبی افریقہ اور پاکستان فی کس 5 میچ جیتیں گے۔ پاکستان کی کارکردگی کے حوالے سے سابق کیوی کپتان نے کہا ہے کہ پاکستان سری لنکا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کو شکست دینے میں کامیاب رہے گا جب کہ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، ہندوستان اور جنوبی افریقہ سے ہار جائے گا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم انگلینڈ، ہندوستان، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے ہارے گا تو وہ بنگلہ دیش،ویسٹ انڈیز، افغانستان، پاکستان اور سری لنکا کے خلاف فتح پائے گا۔