چندی گڑھ۔29مئی( سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کیلئے موجود مشکل ترین حالات سے بخوبی واقف ٹیم کے سابق کپتان پرگٹ سنگھ نے آج کہا ہے کہ مجوزہ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم اگر سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل کرتی ہے تو یہ اس کیلئے بڑا اعزاز ہوگا ۔ واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ 31مئی کو نیدرلینڈس میں آغاز ہورہا ہے جب کہ 15جون کو خطابی مقابلہ کھیلا جائے گا ۔ 8مرتبہ کی اولمپکس چمپئن ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا مقابلہ ہفتہ کو بلجیم کے خلاف کھیلے گی۔ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہندوستان کیلئے بڑا نقصان یہ ہے کہ اس کے دو اہم کھلاڑی اسٹرائکر رمندیپ سنگھ اور نکن تمیا زخموں سے پریشان ہیں اور یہ ٹورنمنٹ میں شرکت بھی نہیں کرپارہے ہیں ۔ ورلڈ کپ میں ہندوستانی مظاہروں کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سنگھ نے کہا کہ ہم عالمی درجہ بندی میں پہلے ہی 8ویں مقام پر فائز ہے اور ان میں دو اہم کھلاڑیوں کا زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے باہرہونا مزید نقصاندہ ہے ۔سابق کپتان نے ہندوستانی ہاکی کی خستہ حالت کی اہم وجہ اسٹرکچر نظام کو قرار دیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو نظرانداز کیا گیاہے حالانکہ پنجاب نے ہمیشہ ہی ہندوستان کو باصلاحیت کھلاڑی دیئے ہیں ۔