آکلینڈ۔ 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے کوچ مائک ہیسن آج یہاں اعلان کیا کہ ورلڈ کپ سیمی فائنلس کی ترتیب پر کسی بحث کی گنجائش نہیں ہے۔ ولنگٹن میں گزشتہ روز کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں مارٹن گپٹل کے ریکارڈ 237 رنز (ناٹ آؤٹ) کی مدد سے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ بھی سیمی فائنلس میں داخل ہوچکی ہے۔ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ منگل کو آکلینڈ میں جنوبی آفریقہ کے ساتھ ہوگا اور دو دن بعد جمعرات کو شدنی میں ہندوستان اور آسٹریلیا دوسرے سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز کی پسپائی کی مقامی میڈیا میں ستائش کی گئی۔ ایک ریڈیو اسٹیشن نے منگل کو تعطل دینے کی تجویز پیش کی تاکہ سارا ملک جنوبی آفریقہ کے خلاف کھیلا جانے والا سیمی فائنل دیکھ سکے۔ ایک ایسے وقت جب نیوزی لینڈ کے مداح اپنی ٹیم کے ورلڈ کپ کرکٹ سیمی فائنل میں رسائی کا جشن منارہے ہیں اور لگاتار 9 میچوں میں کامیابی پر خوش ہیں کہ اس دوران کوچ ہیسن نے کہا کہ ان ٹیم ونڈے اٹرنیشنل کرکٹ میں سرکردہ مقام کے مستحقین میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’سیمی فائنلس میں تمام ہی بہترین ٹیمیں پہونچتی ہیں۔ مَیں نہیں سمجھتا کہ بہت زیادہ لوگ اس سے اتفاق نہیں کریں گے‘‘۔ ہیسن نے کہا کہ ’’جنوبی آفریقہ نے غیرمعمولی کھیل کا مظاہرہ تو کیا ہے لیکن ان پر دباؤ برقرار رکھئے اور دیکھئے کہ ہوتا کیا ہے۔ دونوں ٹیمیں بہتر کرکٹ کھیل رہی ہیں‘‘۔ ہیسن نے نیوزی لینڈ کو ایک پراعتماد ٹیم اور اس کے بیٹسمین مارٹن گپٹل کو ہیرو قرار دیا اور کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کی بہترین اننگز رہی۔