دبئی۔19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) رواں ماہ قطر اوپن ٹینس ویمنز سنگلز خطاب اپنے نام کرنے والی رومانیہ کی ٹینس اسٹار سیمونا ہالیپ فٹنس مسائل کے باعث دبئی اوپن ٹینس ٹورنمنٹ سے دستبردار ہو گئیں۔ دبئی میں جاری ایونٹ میں ویمنس سنگلز ایونٹ کے پہلے راونڈ میں سیمونا ہالیپ کا مقابلہ فرانس کی الیز کارنٹ سے تھا۔ پہلے سیٹ میں فرانسیسی کھلاڑی نے 6-1 کی کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے سٹ کے دوران سیمونا زخمی ہو کر میدان سے باہر چلی گئیں اور حریف نے اگلے راونڈ میں جگہ بنا لی۔ سیمونا کے فزیو تھراپسٹ نے کہا ہے کہ انہیں مکمل ٹھیک ہونے میں دس تا پندرہ دن لگ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ سیمونا نے 16 فروری کو قطر اوپن ٹینس ویمنس سنگلز خطاب اپنے نام کیا تھا۔
60ملین ڈالرس ‘ سری لنکا بھی بگ تھری کا حامی
کولمبو۔19 فروری (سیاست ڈاٹ کام)جنوبی افریقہ کے بعد سری لنکا کرکٹ نے بھی آئی سی سی میں بگ تھری منصوبے کی حمایت کا باضابطہ اعلان کردیا ہے جس کے بعد پاکستان اس معاملے پر اب تنہا رہ گیا ہے۔بگ تھری معاملے پر پہلے جنوبی افریقہ نے پاکستان کا ساتھ چھوڑ دیا تھا۔کولمبو میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں8 فروری کو سنگاپور میں ہونیوالے آئی سی سی اجلاس میں پیش کی جانے والی قراردادوں پرتفصیل سے غور کیا گیا جس کے بعد اجلاس میں شریک تمام ارکان اس نتیجہ پر پہنچے ہیںکہ آئی سی سی کے انتظامی اور مالی معاملات کے حوالے سے پیش کی جانے والی ترمیم شدہ قرارداد ان کے موقف کے عین مطابق ہے اس لئے بورڈ اس قرارداد کی غیر مشروط حمایت کرتا ہے۔ کرکٹ سری لنکا کے سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگا نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں فیوچر ٹور پروگرام کو ختم کرنے کی تجویز منظور کی گئی تھی اور اب سے ممالک کے درمیان سیریز صرف باہمی مشاورت سے ہی ہوگی۔ اس سلسلے میں ہمیں ہندوستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ باہمی دوروں کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، سری لنکن بورڈ کو آئندہ 7برسوں میں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیل کر60 ملین ڈالرس کی آمدنی ہوگی جو افراد اصولوں کی بات کرتے ہیں وہ ہمیں پیسے نہیں دیں گے اور ہمیں ملک میں کرکٹ کے معاملات کو چلانے کے لئے ان تینوں ممالک کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ہوں گے۔